سرینگر؍ چندی گڑھ ۔ /7جنوری ، ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر میں سردی کا قہر ہنوز جاری ہے جبکہ لداخ ڈیویژن کے لیہہ کو سرد ترین مقام قرار دیا گیا ہے جہاں درجہ حرارت 1.4 ڈگری سیلس منفی ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کارگل میں درجہ حرارت میں 19ڈگری سیلسیس منفی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سرینگر جو ریاست جموں و کشمیر کا موسم گرما دارالخلافہ ہے، میں درجہ حرارت حیرت انگیز طور پر3.3 ڈگری سیلسیس منفی ریکارڈ کیا گیا جس سے سردی کی شدت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ اسی طرح پہلگام اور اسکینگ کے لئے مشہور گلمرگ میں بھی درجہ حرارت منفی ہے جس نے سیاحوں کو بھی اپنے اپنے ہوٹلوں میں بند رہنے پر مجبور کردیا ہے۔
دوسری طرف پنجاب سے ملنے والی خبروں کے مطابق ہریانہ ، چندی گڑھ اور آدم پور میں بھی درجہ حرارت 0.5 ڈگری سیلسیس منفی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آدم پور پنجاب کے ضلع جالندھر میں واقع ہے اور ان دو ریاستوں میں فی الحال یہی سرد ترین مقام قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح امرتسر اور ہسار میں بھی سردی اتنی شدید ہے جیسے وہ انسانی جسم کی ہڈیوں میں اُتر آئی ہو۔ ریاست راجستھان کے جے پور میں بھی شدید سردی کی وجہ سے عام زندگی شدید طور پر متاثر ہوئی ہے جہاں چورو میں درجہ حرارت 0.5 ڈگری سیلسیس اور ماؤنٹ ابو میں درجہ حرارت 1.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ کچھ دنوں تک سردی سے راحت ملنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔