کشمیر، پنجاب اور راجستھان میں سردی کی شدت میں کمی

سرینگر ؍ چندی گڑھ ؍ جے پور ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کے لوگوں کو شدید سردی سے کچھ راحت ملی ہے جبکہ درجہ حرارت میں کئی ڈگری کا اضافہ ہوا ہے۔ جموں و کشمیر کا موسم گرما کا دارالخلافہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سلسیس منفی ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ رات سے دو ڈگری زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق قاضی گنڈ، کپواڑہ، پہلگام اور اسکینگ کیلئے مشہور گلمرگ میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد سیاحوں کے غول کے غول اپنی ہوٹلوں اور ہاؤس بوٹس سے باہر نظر آئے ورنہ گذشتہ تین دنوں سے سب اپنے کمروں میں دبکے ہوئے تھے۔ پنجاب اور ہریانہ سے ملنے والی خبروں کے مطابق درجہ حرارت میں 4 ڈگری کا اضافہ ہوا ہے جو یقیناً اس بات کی علامت ہیکہ یہاں کے لوگوں کو بھی سردی سے راحت ملی ہے حالانکہ دھند ہنوز چھائی ہوئی ہے لیکن سردی کی شدت میں اب پہلے جیسی بات نہیں رہی حالانکہ دو روز قبل ہی امرتسر اور نارنوال کو سردترین مقام قرار دیا گیا تھا۔ ہسار میں درجہ حرارت 6.5 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ لدھیانہ میں بھی درجہ حرارت میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ راجستھان سے ملنے والی خبروں کے مطابق رات کے درجہ حرارت میں 2 تا 3 ڈگری سلسیس کا اضافہ ہوا ہے اور لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ چتور گڑھ، سری گنگانگر، پلانی ، جسلمیر، بارمر اور جے پور میں درجہ حرارت میں معمولی اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔