کشمیر، لداخ میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد کے نیچے

سرینگر ، 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)  وادیٔ کشمیر اور خطہ لداخ میں درجہ حرارت ہنوز نقطۂ انجماد سے نیچے ہے حالانکہ کئی مقامات پر ابرآلود موسم کے سبب اقل ترین درجہ حرارت میں قدرے اضافہ ہوا ہے۔ لداخ کا سرحدی علاقہ لیہہ جموں و کشمیر میں سردترین خطہ ہے جبکہ وہاں درجہ حرارت منفی 9.7 ڈگری سلسیس تک گھٹ چکا ہے، جو گزشتہ شب کے منفی 9.9 ڈگری سلسیس سے کسی قدر بڑھ کر ہے، محکمہ موسمیات کے ترجمان نے آج یہاں یہ بات کہی۔ انھوں نے بتایا کہ قریبی کرگل ٹاؤن میں بھی اقل ترین درجہ حرارت گزشتہ روز کے منفی 10.3 ڈگری سلسیس سے بڑھ کر منفی 9.6 ڈگری سلسیس کے اقل ترین درجہ حرارت تک پہنچا ہے۔ اس ریاست کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کا اقل ترین درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سلسیس ریکارڈ ہوا ہے جو گزشتہ دن کے منفی 1.4 ڈگری سے بڑھ کر ہے۔ شہر میں گزشتہ روز رواں موسم کی سردترین رات گزری۔دفتر محکمہ موسمیات نے جاریہ ہفتے کے بقیہ دنوں میں بڑی حد تک خشک موسم کی پیش قیاسی کی ہے۔