کشتی ڈوب گئی ، چار روہنگیا پناہ گزین فوت

کاکس بازار (بنگلہ دیش) ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) روہنگیا پناہ گزینوں کو میانمار سے منتقل کرنے والی کشتی حالانکہ گنجائش سے زیادہ افراد سوار نہیں تھے لیکن آج بنگلہ دیش کے ساحل کے پاس غرق آب ہوگئی، پولیس نے یہ بات کہی اور کم از کم چار افراد ہلاک ہوجانے کی تصدیق کی۔ پولیس نے کہا کہ یہ کشتی ناموافق موسم کا شکار ہوگئی جبکہ وہ ساحل کے پاس موضع شملہ پور کے قریب پہنچ چکی تھی جہاں اگست سے کشتیوں کے ذریعہ ہزارہا روہنگیا پناہ گزین میانمار سے آکر بس گئے ہیں۔ مقامی پولیس سربراہ ابوالخیر نے نیوزایجنسی ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ چھوٹی سی کشتی میں کم از کم 33 افراد سوار تھے جو اونچی لہروں اور ناسازگار موسم کو جھیل نہ سکی۔