کشتی غرقاب ہونے سے 400 افراد کی ہلاکت کا اندیشہ

روم۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے ساحل سمندر کے قریب تقریباً 400 غیرقانونی تارکین وطن کے ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے کیونکہ جس کشتی میں وہ سفر کررہے تھے، وہ غرقاب ہوگئی۔ یہ اطلاع اس کشتی کے حادثہ میں بچ جانے والے افراد نے دی۔ جنہیں بچاکر اٹلی لایا گیا جہاں پہلے سے ہی شمالی افریقہ آنے والی بحری جہازوں اور کشتیوں کی آمد سے افراتفری مچی ہوئی ہے۔ دوسری طرف اطالوی کوسٹ گارڈس نے بتایا کہ غرقاب کشتی سے تقریباً 144 افراد کو بچانے میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ نو نعشیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ دوسری طرف انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے بتایا کہ 144 تا 150 ایسے افراد جو حادثہ میں بچ گئے ہیں، وہ اٹلی پہنچے ہیں۔ لیبیا سے روانہ ہونے کے 24 گھنٹوں کے بعد کشتی حادثہ سے دوچار ہوئی۔ کشتی میں سوار افراد کی اکثریت نوجوانوں اور بچوں پر مشتمل تھی۔