کشتی حادثہ کے مہلوکین کی تعداد 18 ہوگئی

کوالالمپور۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا میں ایک کشتی کے حادثہ میں مزید پانچ نعشوں کے ملنے کے بعد مہلوکین کی جملہ تعداد 18 ہوگئی جن کے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ وہ غیرقانونی انڈونیشیائی تارکین وطن کی نعشیں ہیں۔ جنوبی جوہور ریاست میں کشتی کے اُلٹ جانے سے منگل کو 13 نعشیں ملی تھیں۔ کشتی انتہائی ناسازگار موسم کا شکار ہوکر حادثہ سے دوچار ہوئی تھی۔ دریں اثناء مقامی پولیس سربراہ رحمت عثمان نے بتایا کہ ساحل پر پانچ مردوں کی نعشیں ملی ہیں جو غیرقانونی طور پر ملائیشیا میں داخلے کی کوشش کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کی تلاش کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا کیونکہ اطلاعات کے مطابق حادثہ کے وقت کشتی میں 30 تا 35 افراد سوار تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر یہ خبریں بھی گشت کررہی ہیں کہ کچھ مسافرین تیر کر کنارے پہنچنے میں کامیاب ہوگئے ہیں تاہم اس کی توثیق نہیں ہوئی ہے۔ ہمارا خیال یہ ہے کہ مابقی مسافرین یا تو ڈوب کر مرگئے پھر وہ جنگلوں میں چھپے ہوئے ہیں اور اس بات کے انتظار میں ہیں کہ اسمگلرس انہیں ان کی منزل مقصود تک پہنچا دیں گے۔