اسلام آباد ، 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستان کے دعوؤں کو ’’بے بنیاد اور بکواس‘‘ قرار دیا کہ وہ کشتی جو ساحل گجرات سے قریب انڈین کوسٹ گارڈ کے آپریشن میں دھماکہ سے تباہ ہوگئی، اس سے تعلق رکھتی تھی۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے لائن آف کنٹرول اور سرحد پر کشیدگی میں شدت کیلئے بھی ہندوستان کو مورد الزام ٹھہرایا اور الزام عائد کیا کہ یہ پاکستانی مسلح افواج کی دہشت گردوں کے خلاف لڑائی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ انھوں نے کہا، ’’پاکستان کی طرف سے نام نہاد دہشت گرد کشتی کے تعلق سے ہندوستان کے بے بنیاد اور بے معنی الزامات بھی اسی طرز کے ہیں‘‘۔ تسنیم نے کہا کہ پاکستان اپنے علاقے سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے پرعزم ہے اور اس کی مسلح افواج جامع و بھرپور آپریشن ’ضرب عضب‘ کامیابی سے چلا رہے ہیں تاکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو بدنام کرنے ہندوستان کی کوششیں تمام بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔