جے پور۔/21مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹونک ڈسٹرکٹ کے بلاسپور ڈیم میں دس خواتین اسوقت غرقاب ہوگئیں جب وہ کشتی جس میں وہ سوار تھیں، اچانک اُلٹ گئی۔ پولیس نے بتایاکہ حادثہ کے وقت کشتی میں 16خواتین سوار تھیں جو مزدور پیشہ تھیں۔ انہیں زرعی کام کے لئے ایک مقام سے دوسرے مقام لے جایا جارہا تھا کہ حادثہ رونما ہوا۔ دریں اثناء مختلف عمر کی دس خواتین کی نعشوں کو نکالا گیا ہے جبکہ مابقی چھ خواتین کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ جن میں سے کچھ خواتین تیرتے ہوئے کنارے تک پہنچی تھیں۔ٹونک ایس پی ستیندر سنگھ چودھری نے میڈیا کو یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد نعشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ دریں اثناء کشتی چلانے والا ملاح کنور علی جو حادثہ میں بچ گیا۔ پولیس نے اسے پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لے لیا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثہ کی وجہ کا ہنوز پتہ نہیں چلا ہے۔