کشتواڑ میں یاتریوں کی گاڑی دریائے چناب میں جاگری، 11 ہلاک

جموں ۔ 21 اگست(سیاست ڈاٹ کام)جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ میں منگل کو پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں 11 افراد کی موت واقع ہوئی۔ حادثے میں ایک ایک پانچ سالہ بچے کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جسے علاج ومعالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ حادثے کی شکار ہونے والی گاڑی مچیل یاتریوں کو لے جارہی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا یہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران علاقہ میں ہونے والا دوسرا بڑا سڑک حادثہ ہے ۔ بتادیں کہ پیر کو مچیل یاتریوں کو لے جارہی ایک گاڑی پسیوں کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 7افراد ہلاک جبکہ 12 دیگر زخمی ہوگئے ۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے کہا ‘کشتواڑ میں ایک اور بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔ یاتریوں کو مچیل ماتا کی طرف لے جارہی گاڑی دریائے چناب میں جاگری۔ جہاں یہ حادثہ پیش آیا وہ کشتواڑ سے 28 کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے ۔ حادثے کی شکار ہونے والی گاڑی سے صرف ایک پانچ سالہ بچہ زخمی حالت میں زندہ برآمد ہوا ہے ‘۔ انہوں نے مزید کہا ‘حادثے کے مقام سے 11 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ زخمی پانچ سالہ بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے ‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مچیل ماتا کے یاتریوں کو لے جارہی گاڑی ڈول علاقہ کے نذدیک دریائے چناب میں جاگری جس کے نتیجے میں گیارہ مسافر ہلاک جبکہ ایک کمسن بچہ زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ منگل کی صبح سات بجے پیش آیا۔