کسی کی بھی تقرری وزیر اعظم کا اختیار تمیزی : راشد علوی

نئی دہلی ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : کانگریس قائد راشد علوی نے کہا کہ یہ اب وزیر اعظم نریندر مودی کی مرضی پر منحصر ہے کہ وہ اپنی کابینہ میں بطور وزیر دفاع کسے شامل کرتے ہیں ۔ راشد علوی نے یہ بیان ان گشت کرتی ہوئی خبروں کے ردعمل کے طور پر دیا جہاں یہ کہا جارہا ہے کہ گوا کے وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کو مرکزی وزارت دفاع کا قلمدان تفویض کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ وزیر اعظم کا اختیار تمیزی ہے کہ وہ جسے چاہیں مقرر کریں اور اس پر کسی کو کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہئے ۔ ملنے والی رپورٹس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وزیر اعظم اپنی کابینہ میں رد و بدل کرتے ہوئے اسے مزید توسیع دینا چاہتے ہیں اور یہ کام پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آغاز سے قبل ہوجائے گا اور اس سلسلہ میں گوا کے وزیر اعلی منوہر پاریکر کا بھی نام لیا جارہا ہے کہ انہیں ملک کا وزیر دفاع مقرر کیا جاسکتا ہے جو فی الحال وزیر مالیات ارون جیٹلی کے پاس ہے جو وزارت دفاع کی زائد ذمہ داری سنبھال رہے ہیں ۔۔