کسی کو مصیبت میں دیکھ کر خوش نہ ہوں

ایک آدمی کے پاس ایک گھوڑا اور ایک گدھا تھا ۔ وہ ان دونوں کو بازار لے جارہا تھا ۔ آدمی نے اپنا سارا سامان گدھے پر لاد رکھا تھا ۔ گھوڑا غرور سے اکڑتا ہوا چل رہا تھا ۔ گدھا بے چارا بھاری بوجھ کے نیچے دبا جارہا تھا اسے دو قدم چلنا دوبھر ہوگیا تھا ۔ آخر اس نے گھوڑے سے کہا بھائی گھوڑے تھوڑا سا بوجھ تم لے لو میں اتنا بوجھ برداشت نہیں کرسکتا ۔

گھوڑے نے منہ پھیر کر جواب دیا میں کیوں لے لوں مجھے تیری اور تیرے بوجھ کی کیا پرواہ ہے ؟ خبردار! جو پھر کبھی مجھ سے بوجھ بانٹنے کو کہا ۔ گدھا خاموش ہوگیا ۔ ابھی وہ تھوڑی ہی دور گئے تھے کہ گدھا تھک کر گر پڑا ۔ یہ دیکھ کر مالک نے گدھے کا سارا بوجھ اتار کر گھوڑے کی پیٹھ پر لاد دیا ۔ اب گھوڑے سے چلا نہیں جارہا تھا ۔ اس نے بہت ہاتھ پاؤں مارے مگر مالک کے ڈنڈے کے آگے اس کی ایک بھی نہ چل سکی ۔ مجبور ہوکر اسے سارا بوجھ بازار تک لیجانا پڑا ۔ راستے میں گدھے نے گھوڑے سے کہا بھائی اگر تم پہلے ہی تھوڑا سا بوجھ لے لیتے تو سارا بوجھ لے کر کیوں چلنا پڑتا ۔ گھوڑے نے شرمندگی سے سر جھکا لیا ۔ دنیا میں بہت سے لوگ ایسا ہیں جو دوسروں کو مصیبت میں دیکھ کر خوش ہوتے ہیں اور ان کی کوئی مدد نہیں کرتا ۔