کسی میں بھی تلگودیشم کو مٹانے کی جرات نہیں

چند ارکان مقننہ کی ٹی آر ایس میں شمولیت پر چندرا بابو کی بالواسطہ تنقید
حیدرآباد۔3نومبر ( این ایس ایس ) آندھراپردیش کے چیف منسٹر اور تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو نے آج اپنے اس یقین کا اظہار کیا کہ اُن کی پارٹی ہر دور میں باقی و برقرار رہے گی اور کسی میں اتنی جرت نہیں کہ اس پارٹی کے خاتمہ کا خواب دیکھے۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو آج یہاں این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں تلگودیشم پارٹی کی رکنیت سازی مہم کے آغاز کے موقع پر مخاطب تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی اپنی تاسیس کی تاریخ آج تک بھی عوام کی تائید اور بھروسے کی حامل رہی ہے اور عوام اس پارٹی کا احترام کرتے ہیں کیونکہ یہ پارٹی سماجی و بھلائی سرگرمیوں کیلئے سرگرم ہے ۔ انہوں نے اپنی پارٹی کے چند ارکان مقننہ کے انحراف پر ٹی آر ایس میں شمولیت کا بالواسطہ طور پر تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک جاتا ہے تو سینکڑوں آتے ہیں ۔ انہوں نے ٹی آر ایس کا نام لئے بغیر کہا کہ یہ پارٹی فی الحال تلنگانہ میں تلگودیشم کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہی ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی ہماری پارٹی کو نشانہ بنانے والی جماعتیں تلخ سبق سیکھ چکی ہیں۔