کسی بھی وقت ملک اور ریاست میں انتخابات : چندرا بابو نائیڈو

پارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے خلاف انتباہ، چیف منسٹر اے پی کا بیان
حیدرآباد۔/24 جون، ( سیاست نیوز) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے واضح طور پر پارٹی قائدین کو اشارہ دیا ہے کہ ملک و ریاست میں انتخابات کبھی بھی منعقد ہوسکتے ہیں۔ لہذا ہمیں انتخابات کیلئے نہ صرف تیار رہنا ہے بلکہ ان انتخابات میں ہمیں شاندار کامیابی حاصل کرنا بھی بہت ضروری ہے۔ اس کے لئے آپسی نظریاتی اختلافات کو بالکلیہ طور پر فراموش کرکے متحدہ طور پر پارٹی کی کامیابی کیلئے کام کرنے کی پارٹی قائدین و کارکنوں کو ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے پارٹی قائدین و کارکنوں کو یاد دلایا کہ شخصیتوں ( قائدین ) کے مقابلہ میں پارٹی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مزید کہا کہ اگر کوئی بھی پارٹی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے تو خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی بلکہ ان قائدین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ہمیشہ یہی حالات نہیں رہیں گے اور اگر ضرورت پڑنے پر ایک دو قائدین کو فراموش کردینے کیلئے بھی پارٹی تیار رہنے کے موقف سے کرنول ضلع پارٹی قائدین کو واقف کرواتے ہوئے چندرا بابو نے قائدین کو سخت انتباہ دیا اور کہا کہ ابھی بھی اپنے آپسی نظریاتی اختلافات کو ختم کرکے آپسی تال میل کے ساتھ ملکر کام کریں۔ قومی صدر تلگودیشم نے امراوتی میں کرنول ڈسٹرکٹ قائدین کے ساتھ اجلاس طلب کیا تھا اور پارٹی قائدین کے ساتھ ضلع میں پارٹی کے موقف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر کے سی کرشنا مورتی ، وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ و انچارج ڈسٹرکٹ منسٹر کرنول مسٹر کے سرینواسلو، وزیر سیاحت مس اکھیلا پریہ، رکن پارلیمان بی رینوکا، رکن پارلیمان ( راجیہ سبھا ) ٹی جی وینکٹیش صدر ضلع تلگودیشم پارٹی و صدر نشین کرنول اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی مسٹر ایس وینکٹیشورلو، ارکان اسمبلی و انچارجس حلقہ جات اسمبلی وغیرہ بھی شریک تھے۔