کسی بھی قوم کی ترقی کے لیے تعلیمی ترقی ضروری

طلبہ کے تابناک مستقبل کے لیے نیک تمنائیں ، اقامتی اسکول کا افتتاح ، محمد محمود علی و دیگر وزراء کی شرکت
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون (سیاست نیوز) ریاست میں اقلیتوں کیلئے قائم کئے جانے والے 71 اقامتی اسکولس میں سے 19 اسکولوں کا آج سے آغاز ہوچکا ہے۔ حیدرآباد کے بشمول 10 اضلاع میں پہلے مرحلہ میں 19 اقامتی اسکولس کا آج افتتاح عمل میں آیا جبکہ دوسرے اور تیسرے مرحلہ میں باقی اسکولوں کا افتتاح کیا جائے گا ۔ اسکولوں کی افتتاحی تقاریب میں متعلقہ ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ حیدرآباد میں بہادر پورہ (گرلز) ، آصف نگر (بوائز) اور چارمینار (گرلز) اسکولوں کا آج سے آغاز ہوگیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے بہادر پورہ اسکول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ انہوں نے طالبات سے ملاقات کرتے ہوئے اسکول میں فراہم کی گئی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ محمود علی نے حکومت کی جانب سے فراہم کی جارہی سہولتوں سے بہتر استفادہ کی خواہش کی اور طالبات کو تلقین کی کہ وہ اپنے تعلیمی مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے 120 اقامتی اسکولس کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے جس پر 3900 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔ پہلے مرحلہ میں 71 اسکولوں کے آغاز عمل میں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کیلئے تعلیمی ترقی ضروری ہے۔ محمود علی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کو اقلیت دوست قرار دیا اورکہاکہ گزشتہ دو برسوں میں چیف منسٹر نے اقلیتوں کی بھلائی اور ترقی کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں اس قدر بجٹ اور اسکیمات اقلیتوں کیلئے شروع نہیں کی گئیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اسکول کا معائنہ کرتے ہوئے انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت دی کہ وہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے مقصد کی تکمیل میں حکومت سے تعاون کریں۔ اسی دوران آج جن دیگر علاقوں میں اقامتی اسکولس کا آغاز ہوا ہے، ان میں بالا نگر (بوائز) ، شیرلنگم پلی (بوائز) ، ملکاجگیری (بوائز) ، ہنمکنڈہ (گرلز) ، کھمم (بوائز) ، جڑچرلہ (بوائز)، سدی پیٹ (بوائز) ، نارائن پیٹ (گرلز) ، گجویل (گرلز) ، سوریا پیٹ (بوائز) ، نظام آباد (گرلز) ، کریم نگر (بوائز) ، پدا پلی (گرلز) ، سرسلہ (گرلز) ، حضور آباد (بوائز) اور کاغذ نگر (بوائز) شامل ہیں۔ کریم نگر میں وزیر فینانس ایٹلا راجندر ، سدی پیٹ میں وزیر آبپاشی ہریش راؤ ، جڑچرلہ میں وزیر صحت لکشما ریڈی ، کھمم میں وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے اسکولوں کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔ دیگر مقامات پر بھی وزراء ، عوامی نمائندوں اور متعلقہ کلکٹرس نے پروگراموں میں شرکت کی ۔ بعض وزراء کی مصروفیات کے باعث اسکولوں کی رسمی افتتاحی تقریب بعد میں رکھی جائے گی ۔ تاہم تمام اسکولوں میں تعلیم کا آج سے آغاز ہوچکا ہے۔ کے ٹی راما راؤ کے دورہ دہلی کے باعث سرسلہ اسکول کا افتتاح کل کیا جائے گا ۔ وزیر فینانس ای راجندر نے کریم نگر میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کی پابند ہے۔ اس تقریب میں ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں ، سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور ، کلکٹر کریم نگر نیتو پرساد، رکن پارلیمنٹ جی ونود ، رکن اسمبلی جی کملاکر، رکن قانون ساز کونسل این لکشمن داس اور دوسروں نے شرکت کی ۔ وزیر فینانس نے بتایا کہ حکومت نے مجموعی طورپر مختلف طبقات کیلئے 250 اقامتی اسکولس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی دوران اقلیتی اقامتی اسکولس کی سوسائٹی کے مطابق 2 تا 10 جولائی تمام اسکولوں کو عید کی تعطیلات رہیںگی اور 11 جولائی سے تعلیم کا آغاز ہوگا۔ دوسرے مرحلہ میں 19 اسکولس کے 29 جون کو آغاز کا منصوبہ تھا لیکن اس دن چیف منسٹر کی جانب سے ارکان اسمبلی کے اجلاس کی طلبی کے باعث پروگرام میں تبدیلی کا امکان ہے۔