حکومت کو 2G اسکام کی تحقیقات کرنے والے افسر کی تحقیقات کی اجازت
نئی دہلی۔ 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) 2G اسپکٹرم تخصیصات اسکام کے انتہائی حساس مقدمہ اور اس سے متعلقہ دیگر مقدمات بشمول ایرسل ۔ میگسیس معاملت کی تحقیقات کرنے والے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے افسر کے خلاف الزامات کی تحقیقات کرنے سپریم کورٹ نے حمایت کی اور کہا کہ کسی بھی افسر کو شک کے دائرہ میں نہیں رہنا چاہئے۔ جسٹس ارون مشرا اور جسٹس ایس کے کول پر مشتمل تعطیلاتی بنچ نے کہا کہ ایرسیل میگسیس معاملت کے مقدمہ کی تحقیقات کرنے والے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کے عہدیدار راجیشور سنگھ کے خلاف عائد الزامات انتہائی سنگین ہیں، جن کی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے اور واضح طور پر کہا کہ مرکز کو ان کے خلاف تحقیقات کرنے کا مکمل اختیار ہے۔ ایڈیشنل سالیسٹر جنرل وکرمجیت سنگھ نے مرکز کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے عدالت سے کہا کہ راجیشور سنگھ کی طرف سے غیرمتناسب اثاثے جمع کرنے کے الزامات کی تحقیقات کیلئے حکومت تیار ہے اور انہوں نے بنچ کو ایک سربمہر لفافہ پیش کیا جس کا جائزہ لینے کے بعد بنچ نے کہاکہ اس معاملے سے حساس مسائل وابستہ ہیں۔