نووٹل ہوٹل شمس آباد میں یوم عالمی کسٹمس تقریب میں کمشنر کسٹمس کا خطاب
شمس آباد 27 جنوری (سیاست نیوز) یوم عالمی کسٹمس کے موقع پر نووٹل ہوٹل شمس آباد میں کسٹمس عہدیداروںکی جانب سے تقریب منعقد کی گئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے آر شکنتلا چیف کمشنر آف کسٹمس سنٹرل اکسائز اینڈ سرویس ٹیکس حیدرآباد زون نے شرکت کی اور مخاطبت میں کہاکہ کسٹمس عہدیدار دن کے 24 گھنٹے کام کرتے ہوئے ملک کے ریونیو میں اضافہ کرتے ہیں۔ کسٹمس عہدیدار ملک میں ایرپورٹس و دیگر مقامات پر خدمات انجام دیتے ہوئے غیر قانونی کام کرنے یا اسمگلنگ کرنے والوں کو گرفتار کررہے ہیں۔ یوم کسٹمس پوری دنیا میں 26 جنوری کو منایا جاتا ہے۔ ہندوستان میں 26 جنوری کو یوم جمہوریہ ہونے کی وجہ سے 27 جنوری کو مقررہے۔ آج کے ترقی یافتہ دور میں جدید ٹیکنالوجی سے ہمیں کافی مدد مل رہی ہے۔ درآمد و برآمد کرنے والی بہترین کمپنیوں کو ایوارڈس دیئے گئے۔
ایم سریدھر سنٹرل انفارمیشن کمشنر نے کہاکہ ملک میں آن لائن شاپنگ میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ گاہکوں کو خریداری کے وقت احتیاط کرنی بھی ضروری ہے۔ سرحد پر سکیوریٹی فورسیس ہونے کے باوجود پٹھان کورٹ پر حملہ ہوا اور سرحد پار سے پنجاب کے علاقہ میں ڈرگس کی اسمگلنگ ہورہی ہے۔ سب سے پہلے اس پر روک لگانے کی ضرورت ہے۔ بی ایس ایف و دیگر عملہ ہونے کے باوجود ہمارے ملک میں سرحد پار سے اسمگلنگ کو روکنے میں ناکامی ہاتھ آرہی ہے۔ این سدھیر کمشنر آف کسٹمس نے کہاکہ کسٹمس سرویس کو ڈیجیٹل کسٹمس بنانا ہمارا مقصد ہے۔ کسٹمس سرویس کو بہتر بنانے اور درآمد و برآمد کرنے والوں کی سہولت کے لئے سوشیل میڈیا جیسے Facebook پر بھی تفصیلات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس موقع پر ایس جی کے کشور چیف ایگزیکٹیو آفیسر GHIAC کے علاوہ کسٹمس عہدیدار موجود تھے۔