20 تا 23 جون آن لائن درخواستوں کی طلبی ، اساتذہ کو حصول روزگار کے مواقع
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں پائے جانے والے کستوربا گاندھی بالیکا اسکولس و شہری اقامتی اسکولس (اربن ریزیڈنشیل اسکولس ) اور جونیر کالجس میں کنٹراکٹ کی اساس پر اساتذہ کے تقررات عمل میں لائے جانے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں ۔ ان تقررات سے متعلق 20 تا 23 جون شام 5 بجے تک خواہش مند امیدوار اپنی درخواستیں آن لائن داخل کرسکتے ہیں ۔ درخواستیں ویب سائٹ ssa.telangana.gov.in کے ذریعہ آن لائن داخل کیے جاسکتے ہیں ۔ ان جائیدادوں کی تفصیلات ، تعلیمی قابلیت ، تحریری ٹسٹ کا طریقہ کار ، نصاب کی تفصیلات سے متعلق معلومات ویب سائٹ پر دستیاب رکھی گئی ہیں ۔ مذکورہ اسکولس ، اربن ریزیڈنشیل اسکولس میں کنٹراکٹ ریزیڈنس ٹیچر ( سی آر ٹی ) اسپیشل آفیسر ( ایس او ) فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس ( پی ای ٹی ) جائیدادوں کے علاوہ جاریہ نئے تعلیمی سال میں جونیر کالجس کے طور پر اپ گریڈ کئے گئے 87 کستوربا گاندھی کالجس میں پوسٹ گریجویٹ کنٹراکٹ ریزیڈنس ٹیچر ( پی جی سی آر ٹی ) جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ کستوربا گاندھی بالیکا اسکولس اور کستوربا جونیر کالجس میں جائیدادوں کی جملہ تعداد 1050 ہے ۔ جن کے منجملہ پی جی سی آر ٹی جائیدادیں 580 ، سی آر ٹی جائیدادیں 359 ایس اوز کی جائیدادیں 49 پی ای ٹیز کی جائیدادیں 62 شامل ہیں ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ایس اوز ( اسپیشل آفیسرس جائیدادوں کے لیے ) تحریری امتحان 2 جولائی پی جی سی آر ٹی ( پوسٹ گریجویٹ کنٹراکٹ ریزیڈنس ٹیچر جائیدادوں کے لیے ) 3 جولائی کو اور پی ای ٹیز ( فزیکل ایجوکیشن ٹیچرس جائیدادوں ) کے لیے 4 جولائی کو تحریری امتحان منعقد کیا جائیگا ۔۔