کسان کے مسئلہ پر چیف منسٹر کا ردعمل موقع پرستانہ ڈرامہ : آر پرکاش ریڈی

سوشیل میڈیا پر سینکڑوں مسائل کی پیشکشی کے باوجود تاحال خاموشی ، تلگودیشم قائد کا بیان
حیدرآباد ۔ /28 مارچ (سیاست نیوز) سینئر قائد و رکن پولیٹ بیورو تلگودیشم پارٹی مسٹر آر پرکاش ریڈی نے صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور گزشتہ دن شرت نامی ایک کسان کے مسئلہ پر چیف منسٹر کے سوشیل میڈیا کے ذریعہ اپنے ردعمل کا اظہار کرنے کو ’’ ایک موقع پرستانہ ڈرامہ ‘‘ سے تعبیر کیا اور کہا کہ یوں تو سوشیل میڈیا کے ذریعہ شرت نامی کسان سے بھی کہیں سنگین نوعیت کے مسائل اجاگر کئے جاتے ہیں لیکن کبھی چیف منسٹر نے کسی سنگین مسائل پر اپنے ردعمل کا سوشیل میڈیا کے ذریعہ اظہار نہیں کیا لیکن اب چونکہ ریاست میں لوک سبھا انتخابات منعقد ہونے کو ہیں ۔ لہذا سستی شہرت کے حصول کیلئے کے چندر شیکھر راؤ نے اس طرح کی سیاسی ڈرامہ بازی کرنے پر اپنی اولین ترجیح دی ۔ مسٹر پرکاش ریڈی نے آج اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے سلسلہ میں ٹی آر ایس کا موقف ریاست تلنگانہ میں کمزور ہوتا دکھائی دینے کے پیش نظر ہی صرف اور صرف سستی شہرت کے ذریعہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے ہی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایک نئے انداز کا سیاسی ڈرامہ کیا ہے ۔ انہوں نے ریاست میں کسانوں کو درپیش مختلف مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں فی الوقت سات لاکھ کسان اپنی اراضیات سے متعلق مختلف مسائل سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے چیف منسٹر سے دریافت کیا کہ آیا مختلف مسائل سے دوچار لاکھوں کسانوں کے مسائل کی اسی طرح تیز رفتاری کے ساتھ یکسوئی کریں گے ؟ مسٹر آر پرکاش ریڈی نے اس سلسلہ میں فی الفور ضروری وضاحت کرنے کا چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے پرزور مطالبہ کیا ۔