کسان فون سے کرایہ پر لے سکیں گے ٹریکٹر

نئی دہلی۔4 ستمبر۔( سیاست ڈاٹ کام) دور دراز علاقوں میں چھوٹے اور بہت چھوٹے کسان بھی اب صرف فون کر کے مناسب قیمت پر ٹریکٹر کرایہ پر لیکر اپنی کھیت کی جوتائی کرا سکیں گے ۔ ہیلو ٹریکٹر نے انفارمیشن سیکٹر کی کمپنی ایرس کی مدد سے ایک ایپ متعارف کرایا ہے جس کے ذریعہ کسان اپنے کھیت کی جوتائی کے لئے ٹریکٹر کرایہ پر لے سکیں گے ۔ کمپنی نے مناسب قیمت پر کھیتوں کی جوتائی کے لئے ٹریکٹر خدمات کے آغاز کا آج اعلان کیا ۔ ایرس ٹیکنالوجی کے چیئرمین رشی موہن بھٹناگر نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹریکٹر سے کھیت کی جوتائی کی قیمت کا اعلان نہیں کر رہے ہیں لیکن جوتائی کی قیمت یقینی طور سے بہت ہی مناسب ہوگی۔مسٹر بھٹناگر نے کہا کہ وہ نائجیریا میں اس کے کامیاب تجربے حوصلہ پاکر اب ہندوستان میں 500 ٹریکٹروں کی مدد سے یہ خدمات شروع کرنا چاہتے ہیں۔
فی الحال یہ سہولت مشرقی اترپردیش،بہار اور جھارکھنڈ میں شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیتوں کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہونے کی وجہ سے چھوٹے کسان ٹریکٹر سے کھیت کی وقت پر جوتائی نہیں کرا پاتے ہیں لیکن اس خدمت کے شروع ہونے سے وہ آسانی سے اپنے کھیتوں کی جوتائی کرا پائیں گے ۔انہوں نے دعوی کیا کہ اس سے زراعت کے اخراجات میں کمی آئے گی اور پیداوار میں اضافہ وگا اور کسانوں کی آمدنی دو گنی کرنے میں مدد ملے گی۔ پنجاب اور ہریانہ جیسی زرعی ریاستوں میں ابھی یہ سہولت شروع نہیں کی جائے گی کیونکہ یہاں پہلے سے ہی کافی تعداد میں کسانوں کے پاس ٹریکٹر موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں بھی 100 ٹریکٹروں کے ساتھ یہ سہولت شروع کی جارہی ہے ۔ہیلو ٹریکٹڑ ،ٹریکٹر بنانے والی کمپنیوں سے ٹریکٹر مہیا کرائے گی جبکہ ایرس اس کے لئے تیار ایپ اور دیگر ترسیلی آلات کو مہیا کرائے گی۔جس سے یہ پتہ چل سکے گا کہ ٹریکٹر کہاں ہے اور اس نے دن بھر میں کتنا کام کیا ہے ۔