نئی دہلی، 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ٹاملناڈو نے آج سپریم کورٹ میں پیش کردہ ایک دستاویز میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ ریاست کے کسان خشک سالی کی وجہ سے خودکشی نہیں کررہے ہیں۔ ٹاملناڈو کی جانب سے عدالت عظمیٰ کو سونپے گئے جواب میں ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ خشک سالی کی وجہ سے ریاست کے کسی بھی کسان نے جان نہیں دی ہے ۔ریاستی سرکار نے کسانوں کی خودکشی کے لئے اپنے ذاتی اسباب کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ٹاملناڈو سرکار کا یہ جواب عدالت کے 13 اپریل کے حکم کے مدنظر سامنے آیا ہے جس نے کسانوں کی خودکشی کے معاملہ پر تفصیلی جواب کیلئے ریاستی سرکار کو دو ہفتے کا وقت دیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ عدالت نے ریاست میں کسانون کے حالات بہتر بنانے کیلئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کئے جانے کے معاملہ میں ٹاملناڈو حکومت کی سرزنش کی تھی۔ کئی ہفتوں سے ٹاملناڈو کے متاثرہ کسان اور ان کے نمائندے جنتر منتر دہلی میں مظاہرے پر ہیں۔