کسانوں کے مسائل پر مرکزی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کا تبادلہ خیال

نئی دہلی ۔ 2 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ اور کچھ دوسروں کے ساتھ کسانوں کے مسائل حل کرنے اور ان کی برہمی کو کم کرنے کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا ۔ یہ تبادلہ خیال ایسے وقت میں کیا گیا جب کسانوں کی جانب سے دہلی کی سمت مارچ شروع کیا گیا ہے ۔ بھارتیہ کسان یونین نے اپنے مطالبات کی تائید میں اس مارچ کا اہتمام کیا تھا ۔ ان کا مطالبہ ہے کہ زرعی قر ض کو معاف کیا جائے ‘ فیول قیمتوں میں کمی کی جائے ۔ ان کے مارچ کو دہلی ۔ اترپردیش سرحد پر روک دیا گیا اور پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال کیا ۔ وزیر داخلہ نے بھارتیہ کسان یونین کے سربراہ راکیش ٹکیت سے فون پر بات چیت کی اور ان کے مسائل حل کرنے میں حکومت کی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ فوری توجہ طلب مسائل میں10 سال قدیم ٹریکٹرس کے استعمال پر نیشنل گرین ٹریبونل کی جانب سے عائد کردہ امتناع کو برخواست کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے ۔