کسانوں کے قرضوں کی معافی کیلئے حکومت پابند عہد،فصلوں پر گولڈ لون بھی معاف کئے جائیں گے ، ہریش راؤ کا بیان

حیدرآباد۔/17جون، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت زرعی قرضوں کی معافی سے متعلق کسانوں سے کئے گئے وعدہ پر بہر صورت عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق زرعی قرضوں کے علاوہ کسانوں کے فصلوں سے مربوط گولڈ لون بھی معاف کئے جائیں گے۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ قرضوں کی معافی کے سلسلہ میں اندیشوں کا شکار نہ ہوں اور اپوزیشن جماعتوں کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت نے قرضوں کی تفصیلات کی فراہمی کیلئے بینکرس کو ہدایت دی ہے اور بینکوں کی جانب سے تفصیلات کی پیشکشی کے بعد ریاستی کابینہ قطعی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ قرضوںکی معافی کا اعلان غیر مشروط ہے اور اس اقدام سے سرکاری خزانہ پر 18000 کروڑ سے زائد کا بوجھ عائد ہوگا اور 35لاکھ خاندان قرض کے بوجھ سے نجات پاجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ٹی آر ایس نے انتخابی منشور میں عوام سے جو بھی وعدے کئے ان پر عمل آوری میں حکومت سنجیدہ ہے اور ترجیحی بنیادوں پر فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کمزور طبقات کی بہبود پر خصوصی توجہ مرکوز کرے گی اور اسی مقصد کے تحت پانچ برسوں میں بہبودی اسکیمات پر ایک لاکھ کروڑ روپئے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔