جی اوز 421 اور 69 سے دستبرداری کا مطالبہ ، جسٹس بی چندرا کمار و ویشویشور راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : چیرمین کسان بہبودی سمیتی جسٹس بی چندرا کمار اور پروفیسر پی ایل ویشویشور راؤنے ریاست تلنگانہ میں کسانوں کے بڑھتے ہوئے خود کشی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیا کہ وہ کسان دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ۔ وہ آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کسانوں کے مسائل کے حل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی جس کے نتیجہ میں کسان طبقہ خود کشی کی راہ اپنانے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے جی او نمبرات 421 اور 69 پر عدم عمل آوری اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مذکورہ جی اوز پر عمل آوری کرتے ہوئے خود کشی کرنے والے کسانوں کے افراد خاندان کو دی جانے والی امداد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ کسانوں کے خود کشی واقعات پر قابو پایا جاسکے ۔ انہوں نے حکومت پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ اپنے دورہ چین پر کروڑہا روپئے صرف کیا ہے جب کہ کسان طبقہ کے مسائل جوں کے توں برقرار ہیں ۔ تاہم تلنگانہ میں زائد از 1300 کسانوں نے خود کشی کی ہے ۔ لیکن حکومت صرف 242 کے اعداد و شمار ہی پیش کررہی ہے جو ایک انتہائی معیوب بات ہے ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ پر زور دیا کہ وہ کسان کو درپیش مسائل کی یکسوئی میں تعاون کرے ۔ اس موقع پر مسرز اروند کمار کولی ، پرساد شاستری ، سائی پرساد شاستری ، سرینواس یادو ایڈوکیٹ ، این گوردھن ، وشنو ایڈوکیٹ ، شاردا گوڑ ایڈوکیٹ ، سائنٹسٹ پروفیسر ناگیشور راؤ بھی موجود تھے ۔۔