پوچارام سرینواس ریڈی کی سرزنش کا مطالبہ ، بی جے پی کا احتجاج
حیدرآباد۔/7نومبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی نے تلنگانہ اسمبلی میں احتجاج کرتے ہوئے وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی کی سرزنش کا مطالبہ کیا۔ جنہوں نے مبینہ طور پر کسانوں کی خودکشی کے واقعات کے سلسلہ میں متنازعہ بیان دیا ہے۔ فلور لیڈر بی جے پی ڈاکٹر لکشمن نے یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی خودکشی جیسے سنگین مسئلہ پر وزیر زراعت کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ اس بیان کے ذریعہ انہوں نے کسانوں کی توہین کی ہے۔ ڈاکٹر لکشمن اور ان کے ساتھی ارکان نے حکومت کی جانب سے وزیر زراعت کی سرزنش اور وضاحت کی مانگ کی۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو حکومت کی جانب سے یہ پیام دینے کی ضرورت ہے کہ حکومت ان کے تحفظ کی پابند ہے۔ کسانوں میں اعتماد اور بھروسہ کی بحالی کیلئے چیف منسٹر کی جانب سے وضاحت کا بی جے پی ارکان نے مطالبہ کیا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ وزیر زراعت خود کسان ہیں اور 40سالہ طویل سیاسی کریئر رکھتے ہیں۔ ان سے اس طرح کے بیان کی توقع نہیں کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ پوچارم سرینواس ریڈی نے ان سے وضاحت کی کہ میڈیا نے ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے اور وہ اس سلسلہ میں وضاحت کردیں گے۔ چیف منسٹر کے بیان کے بعد بی جے پی ارکان نے کسانوں کی خودکشی کے مسئلہ پر معطل کئے گئے تلگودیشم ارکان کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم ارکان دراصل وزیر زراعت کے بیان کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی جے پی ارکان کو تلگودیشم کے بارے میں سوچنے کی ضرورت نہیں کیونکہ تلگودیشم ارکان ایوان کی کارروائی روکنے کے منصوبہ سے آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مباحث کی صورت میں آندھرا پردیش حکومت کے بے نقاب ہونے کے خوف سے تلگودیشم ارکان نے ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی جانب سے کی جارہی ناانصافیوں کے سبب تلنگانہ میں زرعی شعبہ کیلئے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ تلگودیشم ارکان اسمبلی ان کے حلقہ انتخاب گجویل کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کو امداد فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کو معطلی ختم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں تاہم تلگودیشم ارکان کے مقاصد سیاسی نوعیت کے ہیں لہذا فی الوقت معطلی ختم کرنے کی سفارش نہ کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسانوں کی خودکشی، زرعی شعبہ کے مسائل اور برقی کی قلت جیسے اُمور پر پیر کے دن شام کے اجلاس میں مباحث کا آغاز ہوگا۔