کسانوں کی خودکشی ، ٹی آر ایس کی ضیافت افسوسناک: جیون ریڈی

حیدرآباد ۔ 28 ۔ اپریل (این ایس ایس) سینئر کانگریس لیڈر اور سابق پی جیون ریڈی نے شہر میں گزشتہ روز منعقدہ ٹی آر ایس کے جلسہ عام کے موقع پر اس پارٹی کی جانب سے چکن اور مٹن کے ڈشیس کے ساتھ پرتکلف ضیافت کے اہتمام پر سخت اعتراض کیا اور کہا کہ کے سی آر کے زیر قیادت ٹی آر ایس میں ایسی ضیافت کے ساتھ یہ جشن ایک ایسے وقت منایا ہے جب ریاست کے کئی کسان خودکشی کر رہے ہیں۔ جیون ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ غیر موسمی بارش سے بھاری نقصانات کا سامنا کرنے والے کسانوں سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی بے رخی ظالمانہ ہے۔ جیون ریڈی نے سوال کیا کہ ایک ایسے وقت جب کسان سخت مشکلات میں مبتلا ہے، ٹی آر ایس کو پرتعش لوازمات کے ساتھ دعوت کا اہتمام ضروری تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہی ریاست کی ترقی ہے ؟ جیون ریڈی نے دریافت کیا کہ ٹی آر ایس کی 11 ماہ قدیم حکومت کے دوران کسی ایک بھی بیروزگار شخص کو ملازمت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور ان کے خاندان کے سوائے ریاست تلنگانہ میں کسی اور کو تاحال کوئی فائدہ نہیں پہنچا ہے۔