کسانوں کی بھلائی کے لیے ٹی آر ایس حکومت کے مثالی اقدامات

متوفی کسانوں میں بیمہ چیکس کی تقسیم، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ 23 اگست (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ ای مہیندر ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ حکومت کسانوں کی بھلائی کے اقدامات کررہی ہے۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں رئیتو بیمہ اور رئیتو بندھو اسکیمات کی مثال نہیں ملتی۔ مہیندر ریڈی نے آج حلقہ اسمبلی راجندر نگر کو شمس آباد منڈل میں پیدا گولکنڈہ علاقہ کے متوفی کسان کے ایشوریا کے ارکان خاندان کو انشورنس کے 5 لاکھ روپئے کا چیک حوالہ کیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ اور جوائنٹ ڈائرکٹر محکمہ زراعت گیتا ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ ایشوریہ کی بیوہ لاونیا اور دیگر ارکان خاندان کو وزیر ٹرانسپورٹ نے پرسہ دیتے ہوئے ڈھارس بندھائی۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت آگے بھی ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو 5 لاکھ روپئے بیمہ اسکیم ملک میں اپنی نوعیت کی منفرد اسکیم ہے۔ اس اسکیم کے لیے حکومت نے سرکاری خزانہ سے پریمیم ادا کیا ہے۔ 1200 کروڑ روپئے اس اسکیم پر خرچ کیے جارہے ہیں۔ رنگاریڈی اور وقارآباد اضلاع میں کسانوں کی موت واقع ہوئی جن کے خاندانوں کو حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپئے ادا کیے جائیں گے۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو خوش حال بنانے کے لیے کے سی آر حکومت خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رنگاریڈی میں 14 اور وقارآباد میں 10 کسانوں کی موت واقع ہوئی۔ ہر کسان کے خاندان کو فی کس 5 لاکھ روپئے انشورنس کے طور پر ادا کیئے جائیں گے۔