حیدرآباد 28 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ نے آج گاؤں کی سطح سے ریاستی سطح تک کی ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سال 2018 – 19 سے کسانوں کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری مدد اسکیم پر عمل آوری کی جاسکے ۔ ریاستی حکومت اس اسکیم کے تحت زراعت اور ہارٹیکلچر کسانوں کو فی ایکڑ 4 ہزار روپئے کی مدد ہر سیزن کیلئے فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر نے گرام ‘ منڈل ‘ ضلع اور راشٹرا ریتو سمن وایا سمیتیاں ( کسان رابطہ کمیٹیاں ) تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے کئی ریاستی وزرا سے کہا ہے کہ وہ ریوینیو ولیج ‘ منڈل اور ضلع سطح کے کسانوں کی رابطہ کمیٹیوں کے ارکان کیلئے 9 ستمبر تک ناموں کی تجویز کریں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے کراپ کالونیاں بھی فروغ دی جا رہی ہیں تاکہ کسانوں کی پیداوار اور ان کی فروخت میں اضافہ ہوسکے ۔ ریاستی حکومت ریاستی سطح کی کسان رابطہ کمیٹی کیلئے 500 کروڑ روپئے کا ریوالونگ فنڈ فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔