متنازعہ بل کی مدافعت ‘مودی کی اپوزیشن پر تنقید
حسینی والا(پنجاب)23 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام )وزیر اعظم نریندر مودی نے آج اراضی بل کو منصفانہ قرار دینے کیلئے کسانوں کے بچوں کی بہبود یقینی بنانے کا دعوی کیا ۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت کے اس اقدام پر کسان برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ نئی قانون سازی کے بارے میں جس کی تمام اپوزیشن جماعتیں شدت سے مخالفت کررہی ہیں مودی نے کہا کہ ترقی یقینی بنانے کیلئے ایسا کرنا ضروری ہے اس کے نتیجہ میں کسانوں اور ان کے خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ مجاہد آزادی بھگت سنگھ‘ سکھ دیو اور راج گرو کے یوم شہیداں کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مختلف انداز میں گمراہ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے ۔ انہوں نے یہی بات کل ’’من کی بات ‘‘ پروگرام میں کہی ہے ۔ مودی نے کہا کہ اگر ملک ترقی کرے گا تو کسانوں اور ان کی آنے والی نسلوں کو فائدہ ہوگا کیونکہ کسانوں کے بچے دیگر شعبوں میں روزگار کے مواقع تلاش کررہے ہیں۔ اگر ترقی نہیں ہوگی تو پھر آپ کے بچوں کا کیا ہوگا؟کیا آپ چاہتے ہیں کہ وہ دہلی اور ممبئی کی جھگی جھونپڑیوں میں رہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقی سے کسانوں ‘ان کے بچوں اور ساتھ ہی ساتھ دیہاتوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ یہ متنازعہ بل لوک سبھا میں منظور کیا جاچکا ہے لیکن راجیہ سبھا میں اپوزیشن جماعتوں کی متحدہ موقف کی وجہ سے اب تک منظوری نہ مل سکی ۔کرپشن کا حوالہ دیتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ اس نے سارے ملک کو تباہ کردیا ہے ۔ پیشرو یو پی اے حکومت کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مودی نے کہا کہ کوئلہ بلاک تخصیص اسکام سی اے جی کے اندازوں سے بھی کئی بڑا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سی اے جی کا یہ موقف تھا کہ 1.86لاکھ کروڑ کا نقصان ہوا ہے لیکن حقیقی نقصان اس سے بھی کہیں زیادہ تھا ۔