کسانوں کو قرض سے نجات دلانا ضروری : مودی

وردھا ( مہاراشٹرا ) 20 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) یو پی اے حکومت پر کسانوں کے مفادات کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر نریندر مودی نے آج کہا کہ وہ ان کے مسائل کو حل کرنے ایک منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کسانوں کو سودی قرضوں سے نجات دلائیں ۔ زرعی برآمدات کو بہتر بنائیں اور دریاوں کو باہم مربوط کریں۔ انہوں نے مہاراشٹرا کے اس زرعی علاقہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کسانوں کی خود کشی کے واقعات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ بھاری قرضوں اور حکومت و بینکوں سے کوئی مدد نہ ملنے کی وجہ سے کسان خود کشی کر رہے ہیں۔

حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر گجرات نے کہا کہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے کے دس سالہ اقتدار میں سرحدات پر اتنے جوان نہیں فوت ہوئے جتنے کسانوں نے قرض کے بوجھ سے خود کشی کرلی ۔ انہوں نے کہا کہ جب کسان خود کشی کر رہے ہیں دہلی میں حکومت آرام کی نیند سو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی وجوہات ہیں جو کسان قرض کے جال میں پھنس جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کو حکومت مل جائے تو کسانوں کو قرضہ جات کیلئے بھاری سود پر رقم حاصل کرنے ساہو کاروں کے ہاں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ضمانت یہ ہونی چاہئے کہ کسی کسان کو خود کشی کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ انہوں نے مرکز پر الزام عائد کیا کہ چونکہ حکومت نے برآمدات پر امتناع عائد کردیا ہے اس لئے کسانوں کو نقصان ہو رہا ہے ۔ حکومت گوشت کی برآمدات کو فروغ دیا جارہا ہے اور یہ وجہ نہیں بتائی جا رہی ہے کہ کپاس کی برآمدات کیوں روک دی گئی ہے ۔