حیدرآباد ۔ یکم جنوری ( این ایس ایس ) تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے آج واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندرمودی نے نوٹ بندی کے پچاس دن کی تکمیل پر جو اعلانات کئے ہیں ان سے ملک میں معاشی ترقی کی رفتارتیز ہوگی ۔ سال نوکے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نوٹ بندی کرنے کا جو فیصلہ کیا تھا وہ تاریخی اور حوصلہ مندی کا فیصلہ تھا ۔ اس سے کالے دھن پر اور کرپشن پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے کسانوں ‘ معمر شہریوں ‘ چھوٹے تاجروں ‘ خواتین اور دیہی غریبوں کیلئے جو اعلانات کئے ہیں ان سے ملک کے پسماندہ طبقات کو آگے آنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے وزیر اعظم کے اعلانات کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وزیر اعظم نے ملک میں ایسا ماحول تیار کردیا ہے جس کے نتیجہ میں عوام کی فلاح و بہبود یقینی ہوسکے گی اورخاص طور پر غریب عوام کو سہولت ہوگی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم سیتعاون کا سلسلہ جاری رکھیں جو ملک میں کرپشن اور کالے دھن کی لعنت کو ختم کرنے کے ایک عزم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔