قانون میں ترمیم ، محکمہ انکم ٹیکس سے اعلامیہ کی اجرائی ، حکومت ہند کا اقدام
حیدرآباد۔5جولائی (سیاست نیوز) حکومت ہند نے دو لاکھ سے زائد کی نقد ادائیگیوں پر پابندی عائد کرنے کے بعد اب کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ ادائیگی پر اس اطلاق کو برخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے یکم اپریل سے جو قانون نافذ کیا گیا ہے اس کے مطابق 2لاکھ سے زائد کا لین دین نقد میں ممنوع قرار دیا گیا تھا اور 2لاکھ سے زائد کی کارڈ کے ذریعہ ادائیگی پر بھی روک لگا دی گئی تھی لیکن اب اس میں ترمیم کرتے ہوئے اس بات کی اجازت دے دی گئی ہے کہ کریڈٹ کارڈ رکھنے والے کارڈ کے ذریعہ دو لاکھ سے زائد کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے روشناس کروائے گئے فینانس ایکٹ 2017میں کی جانے والی یہ ترمیم جسے محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کے ذریعہ کیا گیا ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے پانچ اداروں کو دی گئی اس اجاز ت کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ بینک کاری نظام میں کریڈٹ کارڈ کے استعمال کا ریکارڈ محفوظ ہونے اور رسائد کی اجرائی یقینی و لازمی ہونے کے سبب کریڈٹ کارڈ سے 2لاکھ کی حد کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے اور کریڈٹ کارڈ سے ادا کی جانے والی رقومات کہاں جارہی ہیں اور کسے ادا کی جا رہی ہیں اس کا ریکارڈ بھی موجود ہوتا ہے اسی لئے یہ ترمیم کئے جانے کی اطلاع ہے۔یومیہ دو لاکھ سے زائد کے ادئیگیوں پر عائد کی گئی اس پابندی کے خاتمہ کے بعد جو حقیقی محسوب آمدنی کے ذریعہ ادائیگی کرتے ہیں انہیں آسانی ہوگی۔ بتایاجاتا ہے کہ مختلف اداروں کی جانب سے ان ادائیگیوں کے سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ کریڈٹ کارڈ یا بینک کے ذریعہ جاری کئے جانے والے پری پیڈ کارڈ کے ذریعہ ان ادائیگیوں کو ممکن بنایا جاسکے گا اور جو لوگ کریڈٹ کا رڈ کے ذریعہ 2لاکھ سے زائد اخراجات کرنے اور ادائیگیوں سے محروم ہو رہے تھے اب وہ ایسا کرپائیں گے۔حکومت کی جانب سے کی گئی اس ترمیم کے بعد سرکردہ تجارتی اداروں کے علاوہ وہ شخصیات جو اپنے کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ 2لاکھ سے زائدکی ادائیگیا ںانجام دیتے ہیں انہیں بڑی راحت ہوگی۔ محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے اعلامیہ کے ساتھ بینکوں کو بھی اس بات کی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ کی جانے والی ادائیگیوں کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھیں اور رسائد کے ساتھ ان ریکارڈ کو رکھنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ چیک کے علاوہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعہ 2لاکھ سے زائد رقومات کی ادائیگی کی اجازت سے تجارتی برادری کو بھی فائدہ حاصل ہونے کا امکان ہے۔