نئی دہلی۔/4جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام) 2 لاکھ روپئے یا زائد کی نقد معاملتوں پر تحدیدات کریڈٹ کارڈ بل کی ادائیگیوں، بینکوں کی مقررہ بزنس کرسپانڈنس اور بعض دیگر کیلئے لاگو نہیں ہوں گی، ریونیو ڈپارٹمنٹ نے یہ بات کہی۔ فینانس ایکٹ 2017 نے 2 لاکھ روپئے یا زائد کی نقد معاملت یکم اپریل 2017 سے ختم کردی۔ تاہم بعض لین دین کیلئے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ ایک اعلامیہ کے ذریعہ محکمہ انکم ٹیکس نے اس سیکشن کے دائرہ کار سے 5 قسم کے لین دین کو مستثنیٰ کیا ہے۔ ان میں کسی بینکنگ کمپنی یا کوآپریٹیو بینک کی طرف سے بزنس کرسپانڈنٹ کو حاصل ہونے والی وصولیات اور کسی ایک یا زیادہ کریڈٹ کارڈ کے معاملہ میں بلوں کے خلاف متعلقہ کمپنی یا ادارہ کی جانب سے حاصل کی جانے والی رقم بھی استثنیٰ میں شامل ہے۔
لکھنؤ میں مینگو فیسٹول
آم کی بریانی پیش کی جائیگی
لکھنؤ۔/4جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بڑی ذائقہ دار بریانی جو نوابوں کے شہر کی شناخت ہے بہت جلد اس میں میوے کا ذائقہ شامل ہونے والا ہے اور یہ میوہ پھلوں کا بادشاہ آم رہے گا۔ آم سے تیار کی جانے والی مختلف ڈشوں میں آم بریانی، مرغِ آم اور آم مرغ خورمہ شامل ہیں۔ یہ سب سہ روزہ مینگو فیسٹول کے دوران دستیاب رہیں گے جس کا اہتمام اُتر پردیش ٹورازم ڈپارٹمنٹ یہاں 7 جولائی سے کررہا ہے۔