کریڈٹ کارڈس کی کلوننگ،3.1 کروڑ روپئے کا دھوکہ، ٹولی گرفتار

حیدرآباد۔/24 اپریل، ( سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس نے ایک بہتر کارروائی میں کارڈ کلوننگ کرنے والی بین ریاستی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 10 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے بتائی۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کیا۔ انہوں نے بتایا کہیہ لوگ کریڈٹ کارڈز کی کلوننگ کررہے تھے۔ نقلی کارڈز پر اصل نمبر کے ساتھ یہ لوگ دھوکہ دے رہے تھے۔ اس ٹولی نے 12 ریاستوں میں آئی سی آئی سی آئی سے 3.1 کروڑ روپئے نکالے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ آئی سی آئی سی آئی بینک کی جانب سے شکایت کے بعد پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے اس کارروائی کو انجام دیا اور 10 افراد سنجے کمار منڈل بدرامان ضلع مغربی بنگال کے علاوہ دریودھن منڈل ، ویریندر منڈل ، رمنجے منڈل، نرنجن منڈل، پرکاش کمار، گنیش کمار ، راجندر کمار اور بنکو کمار منڈل ساکنان جمنارہ ضلع جھار کھنڈ کو گرفتار کرلیا۔ کارڈز کلوننگ کے ذریعہ یہ ٹولی بینکس کو دھوکہ دے رہی تھی۔ انہوںنے بتایا کہ آئی سی آئی سی آئی کی شکایت کے مطابق گزشتہ 15 دن میں انہیں تقریباً 3 لاکھ کالس وصول ہوئے جو کریڈٹ کارڈز کی تفصیلات سے متعلق تھے۔ اس بات پر شبہ کے بعد بینک نے مسئلہ کو پولیس سے رجوع کردیا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے بتایا کہ پولیس نے اس ٹولی کو بے نقاب کرنے کے بعد بینکرس کو احتیاطی تدابیر اور رہنمایانہ خطوط جاری کردیئے ہیں چونکہ بینکس کے یہاں موجود انٹریکٹیو وائس ریسپانس سسٹم کے ذریعہ دھوکہ باز افراد باآسانی کارڈز کی تفصیلات کو حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بینکس کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ موبائیل نمبر کو ہی تفصیلات فراہم کریں ۔ کمشنر پولیس نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ آن لائن لین دین خریداری کے وقت احتیاط سے اقدام کریں۔