موٹر ساز کمپنی اشوک لی لینڈ کی مساعی، مدن پلی میں اراضی کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 9 مئی (سیاست نیوز) ڈرائیونگ کے میدان میں مہارت پیدا کرنے کے مقصد سے حکومت نے ریاست تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں انڈسٹریل ڈرائیونگ انسٹیٹیوٹ (آئی ٹی آئی) کے قیام کی تجویز رکھتی ہے جہاں پر عوام کو سائنٹفک ڈرائیونگ کے علاوہ بین الاقوامی سطح کی ڈرائیونگ کی تربیت فراہم کی جائے گی اور ڈرائیورس کو اس میدان میں ماہر بنایا جائے گا۔ اس کیلئے ممتاز اور عالمی سطح پر شہرت رکھنے والی موٹر ساز کمپنی اشوک لی لینڈ نے پہلے ہی ضلع میں اپنے یونٹ کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس کیلئے کمپنی نے سرسلہ منڈل کے مدن پلی میں 20 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی ہے۔ یہ یونٹ دو تلگو ریاستوں میں پہلا اپنی نوعیت کا انٹرنیشنل ڈرائیونگ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ ہوگا۔ خانگی موٹر ساز کمپنی اشوک لی لینڈ نے یہاں پر اپنا ادارہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کے نمائندوں نے اراضی کا مشاہدہ کیا اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ڈپٹی ٹرانسپورٹ کمشنر مسٹر ای میرا پرساد نے بھی کمپنی کے وفد کے ساتھ شامل تھے۔ ضلع کلکٹر کریم نگر نے پہلے ہی سروے نمبر 377 پر واقع 25 ایکڑ اراضی فراہم کرنے کا تیقن دیا ہے، جس میں سے پانچ ایکڑ اراضی پر انڈسٹریل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ (آئی ٹی آئی) اور مابقی 20 ایکڑ اراضی ڈرائیور ٹریننگ انسٹیٹیوٹ ( ڈی ٹی آئی) کیلئے مختص رہے گی۔ لی لینڈ ٹیم نے اراضی کے معائنہ کے بعد سینئر روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی آفیسر سے یہاں کی خصوصیت سے واقفیت حاصل کیا اور اس بات کا تیقن دلایا کہ اراضی حوالے کئے جانے کے اندرون 18 ماہ تمام بنیادی ضروری کام مکمل کرلیا جائے گا۔ آر ٹی اے کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست کے نارتھ اضلاع سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد حصول روزگار کیلئے بیرون ممالک روانہ ہورہے ہیں کیونکہ انہیں مناسب روزگار میسر نہیں ہورہا ہے۔ مسٹر میرا پرساد نے بتایا کہ یہ کام ابھی ابتدائی مرحلہ میں ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 80 فیصد سڑک حادثات ڈرائیونگ میں مہارت نہ ہونے کی وجہ سے پیش آرہے ہیں جس کے انسداد کیلئے ڈرائیورس کو مہارت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسے میں مذکورہ ادارہ ڈرائیورس کیلئے یہ ادارہ کارآمد ثابت ہوگا جبکہ ضلع کریم نگر میں پہلے سے ہی 53 عدد ڈرائیونگ اسکولس موجود ہیں۔ تاہم یہاں سے تربیت کے باوجود ماہر نہیں ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اشوک لی لینڈ جنہوں نے ملک میں پہلے ہی 6 تربیتی ادارے چلا رہا ہے جوکہ تملناڈو، دہلی، مدھیہ پردیش، ہریانہ، اڑیسہ اور راجستھان میں یہ ادارے قائم ہیں اب جبکہ تلنگانہ ریاست میں اپنا ساتواں یونٹ قائم کرنے کی تیاری کرلیا ہے۔ ڈی ٹی آئی عصری اور تمام سہولیات سے آراستہ رہے گا جہاں پر ہر قسم کی سہولت بشمول ماڈرن انفراسٹرکچر سے تربیت فراہم کی جائے گی۔