کریم نگر /13 مارچ ( دکن نیوز ) سیاست اور ایم ڈی ایف کا دوبدو ملاقات پروگرام کریم نگر میں ہفتہ 14 مارچ 10 بجے دن تا 4 بجے شام ایس ایف ایس گارڈن رضوی چمن پداپلی روڈ میں منعقد ہوگا ۔ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کریم نگر میں ہونے والے تیسرے دوبدو ملاقات پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ مسلم بہبود کمیٹی کے زیر اہتمام اس پروگرام میں لڑکوں اور لڑکیوں کے والدین شادی کے سلسلہ میں اپنے من پسند کے رشتوں کا انتخاب کریں گے اور باہم مشاورت کے ساتھ پیامات کی یکسوئی بھی کی جائے گی ۔اس پروگرام کی صدارت سید محی الدین صدر مسلم بہبود کمیٹی کریم نگر کریں گے ۔ حیدرآباد سے جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف کی زیر قیادت 6 رکنی ٹیم دوبدو ملاقات پروگرام میں شریک رہے گی ۔ جس میں محمد عبدالقدیر نائب صدر ، احمد صدیقی ، محمدنصراللہ خان پبلسٹی سکیرٹری ، عرشیہ عامرہ خان ، ثانیہ شامل ہیں ۔ ضیاء الدین احمد سابق سپرنٹنڈنٹ انجینئیر جنرل سکریٹری محمد ریاض علی رضوی جوائنٹ سکریٹری سید عرفان الحق ، جوائنٹ سکریٹری ، سید ضمیر الدین احمد ( خازن ) اراکین مسلم بہبود کمیٹی نے والدین و سرپرستوں سے خواہش کی ہے کہ وہ اس منفرد پروگرام میں شرکت کریں ۔ رجسٹریشن اور دیگر خدمات کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی ۔ رجسٹریشن کیلئے مسلم لڑکوں و لڑکیوں کے دو عدد بائیو ڈاٹا ( اسم نویسی ) دو عدد تصاویر ساتھ لانا ضروری ہوگا ۔ جناب عابد صدیقی نے بتایا کہ سیاست و مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے اب تک 39 دوبدو پروگرام منعقد کئے جاچکے ہیں ۔ جن کے ذریعہ 4000 سے زائد شادیاں ہوچکی ہیں ۔