کریمیا میںتاریکی ‘ برقی تار دھماکہ سے اڑگئے

ماسکو۔22نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) کریمیا میں  آج ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا جب کہ اس کے بنیادی برقی توانائی کے تار جو یوکرین سے کریمیا تک نصب کئے گئے ہیں دھماکہ سے اڑ گئے جس کی وجہ سے روس سے الحاق رکھنے والا جزیرہ نما تاریکی میں غرق ہوگیا ۔ چند ہی دنوں میں یہ اس قسم کا دوسرا حملہ ہے ۔ کریمیا کے عہدیدار برقی توانائی کے لئے یوکرین پر انحصار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جزوی طور پر سمفروپول کے شہروں سے برقی توانائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔ یالٹا اور ساکھی میں جنریٹر استعمال کئے جارہے ہیں تاکہ برقی توانائی حاصل کی جاسکے ۔ اس حملہ سے ان اندیشوں میں اضافہ ہوگیا ہے کہ بحراسود کے جزیرہ نما میں جو گذشتہ سال روس سے ملحق کیا گیا ہے کافی برقی توانائی موجود نہیں ہے ۔ اس علاقہ کو دو برقی توانائی فراہم کرنے والے اہم برقی تار جمعہ کے دن دھماکہ سے اڑا دیئے گئے تھے ۔ 22نومبر کو 12:25بجے شب یوکرین سے کریمیا پہنچنے والی برقی توانائی بند ہوگئی ۔ جمہوریہ کریمیا کے سربراہ نے فیصلہ کیا کہ جزیرہ نما میں ہنگامی حالات کا اعلان کردیا جائے ۔