کرکک میں کرد صحافی کا قتل

کرکک (عراق) ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک کرد ویڈیو صحافی کو متنازعہ کرکک صوبہ میں چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا گیا۔ صحافی کا تعلق ایک ایسے چیانل سے تھا جو عراقی کردستان کے قائد مسعود برزانی کی حمایت کرتا تھا۔ ذریعہ نے بتایا کہ چار مسلح افراد 54 سالہ صحافی ارقان شریف کے مکان میں مقامی وقت کے مطابق رات 2:30 بجے داخل ہوئے اور انہوں نے اس کے ارکان خاندان کو مکان کے دیگر کمرے میں مقفل کردیا اور چاقوؤں سے پے در پے کئی وار کئے۔ متوفی شریف تین بچوں کا باپ تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ عرصہ دراز سے کرد لیڈر برزانی جنہیں ریفرنڈم کا معمار بھی تصور کیا جاتا ہے، نے کل اعلان کیا تھا کہ وہ ان علاقوں کے جن پر کردوں کا قبضہ تھا، عراق کے ذریعہ دوبارہ حاصل کرنے پر اپنی قیادت سے دستبردار ہوتے ہیں۔