کرپٹ سیاست دانوں کی سڑکوں پر دیانتداری مضحکہ خیز

حیدرآباد 26 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے آج صبح پارٹی ہیڈکوارٹر این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں قومی پرچم کشائی انجام دی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کا نام لئے بغیر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ کرپٹ اور بے قاعدگیوں میں ملوث افراد سڑکوں پر آکر دیانتداری، شفافیت و ایمانداری کے تعلق سے بات کرنا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ جبکہ اپنی ان بے قاعدگیوں، کرپٹ سرگرمیوں سے کمائی ہوئی دولت سے ہنوز چیانل اور اخبار کی اشاعت عمل میں لانا انتہائی بدبختانہ بات ہے۔ مسٹر چندرابابو نائیڈو نے ملک کے اتحاد و سالمیت کو یقینی بنانے کیلئے متحدہ طور پر پہل کرنے کی شدید ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ کئی نامور و ممتاز مجاہدین آزادی کی قربانیوں کے نتیجہ میں ہی ہمیں آج یہ آزادی حاصل ہوئی ہے۔ صدر تلگودیشم پارٹی نے ریاستی حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ

ریاست میں نظم و نسق بالکلیہ طور پر ابتر ہوچکا ہے جس کی وجہ سے ہر ایک کو مشکلات و مسائل سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ملک اور ریاست میں عوام باشعور ہونے پر ہی حکمراں جماعت و عہدیدار بہت ہی فعال انداز میں اپنا کام کیا کرتے ہیں۔ ریاست کو تقسیم کرنے کی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ کانگریس پارٹی اپنے سیاسی مفادات کے لئے ریاست آندھراپردیش کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دستور کو بالائے طاق رکھ کر کانگریس پارٹی ذاتی سیاسی مفادات کیلئے مفاد پرستانہ سیاست کرنا انتہائی بدبختانہ ہے۔ مسٹر چندرابابو نائیڈو نے مزید کہاکہ ریاست کی تقسیم کے لئے مباحث دستور کے مطابق ہی ہونے صدرجمہوریہ کے ریمارکس بہت ہی خوش آئند ہیں۔