کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر جدوجہد کی ضرورت، جسٹس چندرا کمار کا خطاب

حیدرآباد 11 مئی (سیاست نیوز) ریاستی ہائی کورٹ جج جسٹس چندرا کمار نے کرپشن کے خلاف جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس جدوجہد میں شامل ہونے کی ہر ایک سے پر زور اپیل کی ۔ ڈاکٹر ایم چنا ریڈی انسٹی ٹیوٹ برائے فروغ انسانی وسائل میں آج سینئر آئی اے ایس و سابق ریاستی چیف سکریٹری مسٹر موہن کاندا کی مرتب کردہ ’’ایتھکس ان گورننس ‘‘تصنیف کی رسم اجرائی انجام دینے کے بعد اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے جسٹس چندرا کمار نے کہا کہ سماج میں تبدیلیاں لانے میں مسٹر موہن کاندا کی یہ کتاب انتہائی ممد و معاون ثابت ہوگی ۔ انہوں نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہم تمام جب تک اپنے اخَاقی اقدار پر کاربند رہیں گے تب ہی ایک اچھے سماج کی تشکیل عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے پر زور الفاظ میں کہا کہ تھکن اور بیزارگی کا اظہار کئے بغیر کرپشن کے خلاف دیانتداری اور محب وطن کی حیثیت سے سماج سے محبت کرنے اور عوام سے پیار و محبت سے پیش آنے والے، عوامی تکالیف کو اپنی تکلیف تصور کر کے ان مشکلات کو ختم رکنے کیلئے اپنی جہد مسلسل کے ساتھ کام کرنا ہوگا تب ہی ہم ایک اچھے ہندوستان جیسے ملک کو دیکھ پائیں گے ۔جسٹس چندرا کمار نے کہا کہ رشوت کے خلاف جدوجہد میں جب تک عوامی شعور بیدار نہیں ہوگا کامیابی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔