نئی دہلی ۔ 20 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کی جانب سے سنسر بورڈ کے سی ای او راکیش کمار کے خلاف رشوت خوری کے معاملہ میں ملوث ہونے کے بعد ان کی گرفتاری کے تناظر میں وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ طریقہ کار کو اتنا آسان اور سہل بنایا جائے گا کہ بدعنوانیوں کا جڑ سے خاتمہ ہوجائے گا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے سنسنر بورڈ میں رشوت خوری کے معاملات کا بہت سختی سے نوٹ لیا ہے اور ہم نے متعلقہ سی ای او کو پہلے ہی معطل کردیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ بدعنوانیوں کے کسی بھی معاملہ میں ہم سخت سے سخت کارروائی کرنے کا ذہن بناچکے ہیں۔ ہماری حکومت میں بدعنوانیوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اور ہم نے اپنی نظام حکومت کو بدعنوانیوں سے پاک کرنے کا عمل شروع کردیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدعنوانیوں سے نمٹنے کے عمل کو آسان تر بنایا جائے گا تاکہ بدعنوانیوں کی وجوہات کو ہی جڑ سے ختم کیا جاسکے۔
پی ایم کی تقریبات کا جزوی بائیکاٹ
نئی دہلی ۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ میں اپنے چیف منسٹر بھوپیندر سنگھ ہوڈا کے خلاف مظاہرہ پر برہم کانگریس نے آج اس کے پس پردہ ’’سازش‘‘ کا دعویٰ کیا اور کہا کہ کوئی بھی خوددار چیف منسٹر کو وزیراعظم نریندر مودی کی ’’سیاسی تقریبات‘‘ میں شرکت نہیں کرنا چاہئے۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ کئی کانگریس قائدین کی رائے ہیکہ جہاں تک ممکن ہوسکے کانگریس چیف منسٹرس کو پی ایم کے دورہ میں اقل ترین پروٹوکول کی تعمیل کرنا چاہئے۔