بشکیک ۔ 26فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) کرپشن کے الزامات پر نامور اپوزیشن قائد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ فوج نے آج اپنے بیان میں کہا کہ وسط ایشیاء کے اس ملک میں نومبر کے صدارتی انتخابات سے پہلے کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی ۔ سرکاری کمیٹی برائے قومی صیانت نے کہا کہ عومیربیگ ٹیکیڈائف جو قومی سطح پر سوشلسٹ اتاماکن پارٹی کے صدر ہیں ۔ آج ملک کے ایئرپورٹ پر اترتے ہی گرفتار کرلئے گئے ۔ اپوزیشن قائد موجودہ صدر المازبیگ اتم بائیف کے کٹر حریف ہے ‘ انہیں کم از کم 48گھنٹے حراست میں رکھا جائے گا ‘ تاکہ کرپشن کے الزامات کی تفتیش کی جاسکے جو ایک اہم مواصلاتی کمپنی کے ساتھ سودے کے بارے میں ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق سویٹ کرغزستان انتہائی جمہوری ملک ہے اور یہاں پر طویل عرصہ سے طاقتور ترین پارٹی کا غلبہ ہے جو برسراقتدار ہے ۔ سیاسی اعتبار سے حالیہ عرصہ میں یہ ملک تغیرپذیر صورتحال کا سامنا کررہا ہے ۔ 2005ء میں اور اس کے بعد 2010ء میں دو انقلاب آئے تھے جن میں 400 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے اور سابق حکومتوں کو اقتدار سے بیدخل کردیا گیا تھا ۔ ٹیکیڈائف کی گرفتاری قبل ازیںان کی پارٹی کے دو قائدین کی گرفتاری کے بعد پیش آئی ہے ‘ جن سے 4تا 9گھنٹے کرپشن مقدمات سے بے تعلق تفتیش جاریہ ماہ کے اوائل میں کی گئی تھی ۔