کرپشن الزامات میں گرفتارمزید 2شہزادے رہا

ریاض،29دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں کرپشن الزامات میں گرفتار مزید 2 شہزادوں کو رہا کردیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی حکام نے کرپشن الزامات میں گرفتار مزید 2 شہزادوں کو رہا کردیا ہے جن میں شہزادہ مشعال بن عبداللہ اور شہزادہ فیصل بن عبداللہ شامل ہیں۔ دونوں شہزادے سعودی عرب کے سابق فرمانروا شاہ عبداللہ کے بیٹے ہیں اور انہیں دارالحکومت ریاض کے کارلٹن ہوٹل میں قید کیا گیا تھا۔دونوں شہزادوں کو سعودی حکومت کے ساتھ مالی معاہدہ کے بعد رہا کیا گیا اور سعودی اٹارنی جنرل نے ان کی رہائی کی منظوری دی۔ شاہ عبداللہ کے تیسرے بیٹے شہزادہ ترکی بن عبداللہ تاحال زیر حراست ہیں اور اٹارنی جنرل نے ان کی رہائی کا فیصلہ نہیں کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی حکومت نے اینٹی کرپشن کمیٹی بنا کر شہزادہ الولید بن طلال سمیت 11 شہزادے اور 4 وزرا سمیت درجنوں اعلیٰ حکام کو گرفتار کرلیا تھا۔