کرپشن ، سکیورٹی اہم مسائل، افغان صدر کا تاثر

کابل ، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) افغان صدر اشرف غنی احمد زئی نے آج کرپشن کے خلاف مہم چلانے اور اپنی قوم میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کا عہد کیا، حالانکہ ایک مشرقی صوبہ میں شورش پسندوں کے حملوں میں کم از کم 12 مقامی سپاہی ہلاک ہوگئے ہیں۔ چین کو چار روزہ دورے سے واپسی کے بعد مخاطب کرتے ہوئے اشرف غنی نے کہا کہ وہ جنھوں نے 2010ء میں کابل بینک سے لگ بھگ ایک بلین ڈالر غبن کرلئے، انھیں عدالتوں میں انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس واقعہ نے اس ملک کے پہلے سے ہی پریشان حال اقتصادی شعبے میں سرمایہ کار کے اعتماد کو بری طرح ٹھیس پہنچائی۔ اشرف غنی نے بدعنوانی کے خلاف لڑائی کو کلیدی پالیسی مہم بنایا ہے۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد اُن کے اولین اقدامات میں سے ایک کابل بینک کیس کو دوبارہ کھولنا اور نامی گرامی شخصیتوں کے خلاف کارروائی شروع کرنا رہا، جو اس بینک کو شخصی فنڈز کے طور پر استعمال کرنے کے ملزمین ہیں۔ سکیورٹی کے محاذ پر افغان صدر نے کہا کہ بیجنگ نے افغانستان میں امن لانے میں مدد کا عہد کیا ہے، جہاں 30 سال تک جنگ کے بعد امن کو بحال کرنے کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔