کالیشورم پراجکٹ کا عنقریب معائنہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ڈی ایم کے سربراہ ایم کروناندھی کی دختر اور رکن پارلیمنٹ کنی مولی نے آج چینائی میں چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ قومی سیاست اور تلنگانہ کے ترقیاتی اقدامات پر ایک گھنٹہ سے زائد بات چیت جاری رہی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک میں علاقائی پارٹیوں کا مستحکم رہنا ہندوستان کی بھلائی میں ہے۔ 2019 ء لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اور کانگریس سے زیادہ علاقائی جماعتوں کو نشستیں حاصل ہوں گی۔ کے سی آر نے کہا کہ علاقائی جماعتیں آئندہ الیکشن میں قومی سیاست میں اہم رول ادا کریں گی۔ کے سی آر نے کالیشورم پراجکٹ ، مشن بھگیرتا، اراضی سروے اور کسانوں کو امدادی رقم سے متعلق اسکیمات کی تفصیلات سے کنی مولی کو واقف کرایا۔ ڈی ایم کے رکن پارلیمنٹ نے تلنگانہ کی اسکیمات اور ترقیاتی پراجکٹس کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں قومی اور علاقائی جماعتوں کو مزید بہتر حصہ داری سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عنقریب حیدرآباد کا دورہ کریں گی اور کالیشورم پراجکٹ اور مشن بھگیرتا کے کاموں کا جائزہ لیں گی۔ چیف منسٹر کے ہمراہ پارلیمانی پارٹی قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، وزیر فینانس ای راجندر ، رکن پارلیمنٹ ڈی ونود کمار ، ایم ایل سی پی راجیشور ریڈی، مشن بھگیرتا کے صدرنشین پرشانت ریڈی ، چیف منسٹر کے سیاسی مشیر سبھاش ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔