وومن چانڈی کی سابق چیف منسٹر سے ملاقات،پارٹی میں شمولیت کی رسمی دعوت
حیدرآباد۔یکم جولائی، ( سیاست نیوز) متحدہ آندھرا پردیش کے آخری چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کی کانگریس میں واپسی کا راستہ ہموار ہوچکا ہے۔ آندھرا پردیش میں کانگریس پارٹی کے انچارج وومن چانڈی نے آج حیدرآباد پہنچ کر سابق چیف منسٹر سے ان کی قیام گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں قائدین کے درمیان کانگریس میں شمولیت کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس میں کرن کمار ریڈی کی واپسی تقریباً طئے ہوچکی ہے۔ آئندہ ایک ہفتہ میں کرن کمار ریڈی نئی دہلی میں اعلیٰ قائدین سے ملاقات کریں گے۔ آندھرا پردیش کانگریس کے سینئر قائدین پلم راجو، ٹی سبی رامی ریڈی اور دیگر قائدین نے کرن کمار ریڈی کی واپسی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 3 یا 4 جولائی کو کرن کمار ریڈی نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں ان کی ملاقات صدر کانگریس راہول گاندھی سے ہوگی۔ اس موقع پر باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ توقع ہے کہ کرن کمار ریڈی کو کانگریس میں قومی سطح کا کوئی عہدہ دیا جائیگا۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وومن چانڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنا فیصلہ کرلیا ہے اب کرن کمار ریڈی کو فیصلہ کرنا ہے۔ جب میڈیا کے نمائندوں نے اس بارے میں کرن کمار ریڈی سے استفسار کیا تو انہوں نے صرف اتنا کہا کہ وقت آنے پر بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو شمولیت کی خبریں آرہی ہیں جب بھی ایسا وقت آئے گا میں ضرور اظہار خیال کروں گا۔ وومن چانڈی نے کہا کہ کرن کمار ریڈی میرے اچھے دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس پارٹی ہی نہیں بلکہ ملک بھر کیلئے یہ اہم وقت ہے۔ اختلافات کو ختم کرتے ہوئے ملک کے بارے میں سوچنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے قائدین جنہوں نے کانگریس پارٹی کو چھوڑ دیا انہیں دوبارہ مدعو کیا جارہا ہے۔ کرن کمار ریڈی میر ے اچھے دوست ہیں اور میں نے انہیں کانگریس میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ اگر وہ کانگریس میں شامل ہوتے ہیں تو یہ پارٹی کیلئے بہتر ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کرن کمار ریڈی مثبت فیصلہ کریں گے۔ وومن چانڈی نے کہا کہ ملک بھر میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنا ان کا بنیادی مقصد ہے۔