حیدرآباد /6 مارچ (سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر ڈی مانکیا ورا پرساد نے کرن کمار ریڈی پر دس ہزار کروڑ روپئے کمانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کرانے کے لئے گورنر کو ایک مکتوب روانہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ کرن کمار نے گزشتہ چھ ماہ میں اپنے بھائی کی مدد سے پانچ تا دس ہزار کروڑ روپئے کمایا ہے، جب کہ اس طرح کے الزامات کانگریس کے علاوہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین بھی ان پر عائد کرچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ آج گورنر سے ملاقات کرنے والے تھے، تاہم گورنر کی غیر موجودگی کے سبب انھوں نے اپنا مکتوب ذریعہ فیکس روانہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ بدعنوانیوں کے الزامات پر پردہ ڈالنے کے لئے کرن کمار ریڈی نئی پارٹی تشکیل دے رہے ہیں، جب کہ وہ ماضی میں بھی ان کے عزائم سے متعلق اشارہ کرچکے ہیں۔
اگر ان کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کروائی جائیں تو حقائق منظر عام پر آجائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کرن کمار کے خلاف پراجکٹس کی منظوریوں کے علاوہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدہ داروں کے تبادلوں کے سلسلے میں بھی بڑے پیمانے پر رشوت قبول کرنے کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی کی بدعنوانیوں کو وہ نہیں دیکھ سکے، تاہم انھیں عوام کی تائید حاصل تھی، جب کہ کرن کمار ریڈی عوامی تائید سے بھی محروم ہیں۔ انھوں نے کانگریس سے سیاسی عہدہ اور فائدہ حاصل کرنے کے بعد کانگریس کو بدنام کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا۔