حیدرآباد /7 مارچ (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کل تروپتی میں اپنی نئی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کریں گے، جب کہ جھنڈے اور ایجنڈے کے تعلق سے 12 مارچ کو راجمندری کے جلسہ عام میں وضاحت کی جائے گی۔ اس دوران کانگریس سے معطل رکن پارلیمنٹ سبم ہری نے کہا کہ سروے رپورٹ میں ریاست میں نئی سیاسی جماعت کی ضرورت کا انکشاف ہوا ہے، اسی لئے تلگو عوام کے وقار کا تحفظ کرنے کے لئے کرن کمار ریڈی نے نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے، جو 8 مارچ کو تروپتی میں اپنی نئی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ ہم نے اور کرن کمار ریڈی نے لمحہ آخر تک ریاست کو متحد رکھنے کی کوشش کی، مگر ناکام رہے۔ کانگریس نے ہمیں برطرف کردیا، جب کہ کرن کمار ریڈی چیف منسٹر کے عہدہ سے مستعفی ہوچکے ہیں، اس کے باوجود ہم مایوس نہیں ہیں، سپریم کورٹ سے ہمیں صحیح فیصلہ کی امید ہے۔ ذرائع کے بموجب کرن کمار ریڈی سیما۔ آندھرا کے علاوہ تلنگانہ کے چند حلقوں سے بھی اپنے امیدواروں کو مقابلہ کرانے کے لئے سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں سروے رپورٹ میں سیما۔ آندھرا کے ہر ضلع میں کم از کم 4 یا 5 اسمبلی حلقوں میں کامیابی کے اشارے ملے ہیں، جب کہ 6 تا 8 لوک سبھا حلقوں میں بھی نئی جماعت کے امیدوار کامیاب ہو سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ کل کرن کمار ریڈی کی جانب سے نئی جماعت کی تشکیل کے اعلان کے بعد آج کانگریس کے دور ارکان ویرا شیوا ریڈی اور مسز کے بھارتی نے ان سے ملاقات کی اور ان کی جانب سے تشکیل دی جانے والی سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ذرائع کے بموجب کرن کمار ریڈی سیاست میں کچھ نئے حربے استعمال کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ وہ متحدہ آندھرا کی تحریک میں حصہ لینے والے قائدین کے علاوہ طلبہ تنظیموں اور سرکاری ملازمین کے نمائندوں کو بھی انتخابی میدان میں اُتارنے کی تیاری کر رہے ہیں۔