کشن ریڈی کی سابق چیف منسٹر سے ملاقات
حیدرآباد /26 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کے صدر و رکن اسمبلی جی کشن ریڈی نے آج سابق چیف منسٹر غیر منقسم آندھرا پردیش این کرن کمار ریڈی سے ملاقات کی، جس سے ان کے بی جے پی شامل ہونے والی افواہوں کو تقویت حاصل ہوئی۔ گزشتہ دو ہفتوں سے کرناٹک اور گجرات کے بی جے پی قائدین و تاجرین این کرن کمار ریڈی سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے یہ افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ وہ بی جے پی میں شامل ہونے والے ہیں، تاہم آج ان افواہوں کو اس وقت تقویت حاصل ہوئی، جب جی کشن ریڈی نے ان سے ملاقات کی اور دونوں کے درمیان تقریباً 40 منٹ تک بات چیت ہوئی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے ملاقات کی تصدیق کی اور اسے خیر سگالی ملاقات قرار دیا۔ باوثوق ذرائع کے بموجب بی جے پی کے اعلی قائدین بشمول وزیر اعظم نریندر مودی سے رابطہ میں ہیں، جب کہ ریاست کی تقسیم کے لئے بی جے پی کو برابر کا ذمہ دار سمجھنے والے کرن کمار ریڈی اب اپنے موقف میں تبدیلی لارہے ہیں اور اپنی پارٹی جے سمکھیا آندھرا کے قائدین سے تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ امکان ہے کہ وہ اپنے 30 حامیوں کے ساتھ بہت جلد بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔