کرن کمار ریڈی میں کرشماتی قیادت کا فقدان

حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کرن کمار ریڈی میں کرشماتی قیادت نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ کل تک ان کا ساتھ دینے والے تین ریاستی وزراء تلگو دیشم پارٹی سے رابطے میں ہیں ۔ اسٹار بیٹسمین بغیر کوئی رن بنائے اوٹ ہوگئے ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ کرن کمار ریڈی میں کوئی قائدانہ صلاحیتیں نہیں ہیں ۔ پارٹی نے انہیں چیف منسٹر بنایا ہے تاہم وہ پارٹی اور چیف منسٹر کے عہدے سے مستعفی ہوتے ہوئے نئی پارٹی تشکیل دینے کے بارے میں غور کررہے ہیں جب کہ کل تک ان کا ساتھ دینے کا اعلان کرنے والے تین ریاستی وزراء جی سرینواس راؤ ، ای پرتاپ ریڈی اور ٹی جی وینکٹیش تلگو دیشم سے رابطے میں ہیں خود کرن کمار ریڈی کے آبائی ضلع چتور میں ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔

سیما آندھرا کے وزراء اور ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی کو اپنے کنٹرول میں رکھنے کے لیے کرن کمار ریڈی نے لمحہ آخر تک ریاست تقسیم نہ ہونے کی تسلی دیتے ہوئے انہیں دھوکہ دیا ہے ۔ تلنگانہ کی تائید میں مرکز کو مکتوب روانہ کرنے والے صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو فیصلے سے منحرف ہوگئے آرٹیکل 3 کے تحت ریاست کو تقسیم کرنے کا مرکز کو مشورہ دینے والے جگن موہن ریڈی نے آرٹیکل 3 کا بیجا استعمال کرنے کا کانگریس اور مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ کرن کمار ریڈی نے کہا تھا کہ تلنگانہ مسئلہ کا حل ان کے ہاتھ میں نہیں ہے ۔ کانگریس اور مرکزی حکومت کا جو بھی فیصلہ ہوگا اس کو قبول کرنے کا اعلان کیا تھا مگر کانگریس اور مرکزی حکومت کی جانب سے فیصلہ کرنے پر وہ بھی منحرف ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو عوام صرف سرحدوں میں تقسیم ہورہے ہیں ۔ مگر ان کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ سیما آندھرا میں کانگریس پارٹی کے پاس ایسے کئی قائدین موجود ہیں جو پارٹی کو مستحکم کرنے اور دوبارہ اقتدار میں لانے میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔ حیدرآباد میں سیما آندھرائی عوام کا مکمل تحفظ کیا جائیگا ۔ پارٹی صدر مسز سونیا گاندھی نے ہمیں بھائی بھائی کی طرح مل کر رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔۔