کرن کمار ریڈی سیاسی پارٹی تشکیل نہیں دیں گے

حیدرآباد۔19جنوری ( سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی نئی سیاسی پارٹی تشکیل نہیں دیں گے ‘ کیونکہ وہ کانگریس پارٹی کے پابند ڈسپلن قائد ہیں ۔ اس سلسلہ میں جو کچھ اطلاعات پائی جاتی ہیں اور بڑے پیمانے پر تشہیر کی جارہی ہے وہ تمام محض بعض گوشوں سے کی جانے والی قیاس آرائیوں کے سواء اور کچھ نہیں ہے ۔ سینئر سیما آندھرا کانگریس قائد و رکن اسمبلی مسٹر اے ویویکانند ریڈی نے اس بات کا اظہار کیا اور تمام تر قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ جگہ جگہ بڑے پیمانے پر لگائے جانے والے فلیکس اور بیانرس کو دیکھنے سے اس بات کا شک و شبہ پایا جارہا ہے کہ

جاریہ ماہ کے اختتام تک کوئی نہ کوئی نئی سیاسی پارٹی قائم ہوگی ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر اے ویویکانندا ریڈی نے سمکیا آندھرا کی بھرپور تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست آندھراپردیش کی کسی صورت میں بھی تقسیم عمل میں نہیں آئے گی بلکہ متحدہ ریاست برقرار رہے گی اور اس متحدہ ریاست آندھراپردیش میں ہی آئندہ انتخابات منعقد ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تعلق سے ( ویویکانندا ریڈی کے تعلق سے ) بھی کانگریس پارٹی سے بہت جلد مستعفی ہوجانے اور دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے سے متعلق اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ ریاست کو تقسیم کرنے کیلئے کانگریس ہائی کمان و مرکزی یو پی اے حکومت نے جو فیصلہ کیا ہے بالکلیہ طور پر غلط فیصلہ ہے اور اس فیصلہ سے سیما آندھرا عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں جس سے آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کو زبردست نقصان ہونے کا خدشہ لاحق ہوسکتا ہے ۔